مالی سال 2020، 21 کے اختتام پر پاکستان نے 29 ارب 40 کروڑ ڈالرز سے زائد ترسیلات وصول کیں، ایکسپورٹس کا حجم 25 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا
07 اگست 2021ء) تحریک انصاف کی حکومت 3 سال کے دوران ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں 11 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ کرنے میں کامیاب، مالی سال 2020، 21 کے اختتام پر پاکستان نے 29 ارب 40 کروڑ ڈالرز سے زائد ترسیلات وصول کیں، ایکسپورٹس کا حجم 25 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا۔ تفصیلات کے مطابق 2018 میں اقتدار سنبھالنے والی تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو تقریباً 35 ارب ڈالرز کے تاریخی تجارتی خسارے کا سامنا تھا، جس میں مالی سال 2020، 21 کے اختتام پر واضح کمی آ چکی۔ بتایا گیا ہے کہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ 3 سال کے دوران ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں اربوں ڈالرز کا واضح اضافہ کرنے میں کامیاب رہی۔ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ترسیلات زر تقریباً 21 ارب ڈالرز کی سطح سے بڑھ کر ساڑھے 29 ارب ڈالرز ہو چکیں، جبکہ ایکسپورٹس کا حجم ساڑھے 23 ارب ڈالرز سے بڑھ کر پونے 26 ارب ڈالرز ہو چکا۔ یوں تحریک انصاف کی حکومت ترسیلات زر میں 9 ارب ڈالرز سے زائد جبکہ ایکسپورٹس میں 2 ارب ڈالرز سے زائد یعنی مجموعی طور پر 11 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 21ء میں مجموعی ترسیلات ِزر 29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں۔ جبکہ 2021ء میں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 25.3 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں، جو کہ 2018ء میں 23ارب ڈالر تھیں۔ ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ مختلف ذرائع سے سالانہ 55 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ کمانے میں کامیاب رہا۔ پاکستان نے 29 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر، 25 ارب ڈالرز سے زائد ایکسپورٹس اور ڈیڑھ ارب ڈالرز سے زائد روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کی رقوم کی مدد سے 55 ارب ڈالرز سے زائد کا زرمبادلہ کمایا، جبکہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا زرمبادلہ اس کے علاوہ ہے۔
No comments: